رفاقت علی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
صدر جنرل پرویز مشرف کے وکلاء نے قائم مقام چیف جسٹس رانا بھگوان داس کو درخواست دی ہے کہ جسٹس افتخار محمد چودھری کی پٹیشن کی سماعت کے لیے سپریم کورٹ کے تمام ججوں پر مشتمل بینچ تشکیل دیا جائے۔
صدر پرویز مشرف کے وکلاء کی طرف سے دائر پٹیش میں کہا گیا ہے کہ ان کو توقع تھی کہ قائم مقام چیف جسٹس سپریم جوڈیشل کونسل کی تشکیل سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے لیے تمام ججوں پر مشتمل بینچ تشکیل دیں گے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ چار جونیئر ججوں اور ایک ایڈہاک جج پر مشتمل بینچ پر کئی اعتراض اٹھائے جا سکتے ہیں۔
صدر مشرف کے وکلاء نے کہا کہ اگر قائم مقام چیف جسٹس نے سینئر ججوں پر مشتمل بینچ تشکیل دیا ہوتا تو وہ فل کورٹ بینچ کا مطالبہ نہ کرتے۔
بدھ کوسپریم جوڈیشل کونسل نے ’معطل’ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی اس درخواست کو مسترد کر دیا کہ صدراتی ریفرنس کی سماعت اس وقت تک روک دی جائے جب تک سپریم کورٹ ان کی پیٹشن کا فیصلہ نہیں کر دیتی۔