Saturday, 28 April, 2007, 04:13 GMT 09:13 PST
عبدالحئی کاکڑ
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
صوبہ سرحد کے دارالحکومت پشاور میں حکام کا کہنا ہے کہ سنیچر کی صبح شہر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے اندر ایک دھماکہ ہوا ہے جس میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
پشاور ائرپورٹ کے چیف سکیورٹی آفیسر کوثر ادیب نے بی بی سی کو بتایا کہ دھماکہ سنیچر کی صبح چھ بجکر سینتالیس منٹ پر ائرپورٹ کے انتظار گاہ میں واقع کینٹین میں ہوا۔
دھماکے سے کینٹین کی دیوار کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔دھماکے کے وقت انتظار گاہ میں خاصی بھیڑ تھی کیونکہ پشاور سے کراچی کے لیے ایک پرواز جانے والی تھی۔
بم ڈسپوزل سکواڈ کے ایک اہلکار خورشید خان نے بی بی سی کو بتایا کہ دھماکے میں آتشگیر مادے کا استعمال ہوا ہے لیکن مواد کی کم مقدار میں استعمال کی وجہ سے جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔
ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی وجہ سے پروازوں کے شیڈول پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ دھماکے کے بعد ائرپورٹ کے تمام دروازے بند کر دیے گئے اور مسافروں اور انکے عزیز واقارب کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اس سے قبل گزشتہ سال چھبیس دسمبر کو بھی پشاور بین الاقوامی ہوائی اڈے کے باہر کار بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے تھے۔ تاہم تازہ دھماکہ ائرپورٹ کے اندر ہوا ہے۔