http://bbc.com.im/urdu/

ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

کراچی: مولانا عزیز کا ٹیلیفونک خطاب

اسلام آباد کی لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز نے جمعرات کو کراچی میں حال ہی میں وجود میں آنے والی ایک تنظیم تحریک طلباء و طالبات کو اپنے ٹیلی فونک خطاب میں مشورہ دیا ہے کہ وہ ویڈیو فلموں کے دکانداروں کو کاروبار بند کرنے کے لیے کہیں۔

انہوں نے طلبا و طالبات سے کہا کہ جن علاقوں میں قحبہ خانے ہیں وہاں جلسے منعقد کیے جائیں۔

کراچی مدرسوں کے طلباء اور طالبات پر مشتمل تین ماہ قبل بننے والی تنظیمِ تحریک طلباء اور طالبات کے ارکان، جامعہ حفصہ تحریک کی حمایت میں مظاہرہ کر رہے تھے۔ اس تحریک کا مقصد ’شریعت کا نفاذ اور رشوت، سود خوری اور فحاشی کا خاتمہ ہے‘۔ تاہم مظاہرے میں کوئی بھی خاتون شریک نہیں تھی۔

تحریک طلبا اور طالبات کے سرپرست اعلیٰ نورالھدیٰ نے حکمرانوں کو مخاطب کر کے کہا ’نوجوانوں کو خودکش بم حملوں پر مجبور نہ کیا جائے، اگر یہ مجبور ہوگئے تو یہاں صرف مسلمان اور اسلامی نظام ہوگا، ان کے ٹکر میں جو بھی آئیں گے وہ تباہ اور برباد ہوجائیں گے‘۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اسلام آباد میں منہدم مساجد کی تعیمر نو کرے اور جامعہ حفصہ اور جامعہ فریدیہ کے حکام سے مذاکرات کئے جائیں۔

تحریک کے رہنماء مفتی اسد اللہ نے کہا کہ ان کی تحریک بھی پرامن ہوگی وہ کوئی سخت طریقہ نہیں اپنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ لوگوں کو پیار سے سمجھائیں گے۔