Sunday, 22 April, 2007, 13:38 GMT 18:38 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
بلوچستان کے شہر مستونگ کے قریب کھڈ کوچہ کے مقام پرایک مکان میں دھماکے سے تین بچے ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ ڈیرہ بگٹی سے راکٹ داغنے کی اطلاعات موصول ہوئی لیکن سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
مستونگ کے ڈپٹی سپرنٹڈنٹ پولیس نظر جان نے بتایا ہے کہ دھماکہ ایک کسان کے گھر کے اندر ہوا ہے لیکن ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا یہ دھماکہ باہر سے کوئی دستی بم پھینکنے سے ہوا ہے اور یا مکان کے اندر دھماکہ خیز مواد موجود تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس خاندان کے افراد کی پرانی دشمنی چلی آرہی ہے اور اس سلسلے میں دونوں جانب سے لوگوں کوگرفتار کیا گیا ہے تاہم پولیس اس بارے میں تفتیش کر رہی ہے۔
اس دھماکے سے دو سالہ نصیب اللہ پانچ سالہ امداد اللہ اور دس سالہ شاکرہ بی بی ہلاک ہو گئے ہیں ۔
اپنے آپ کو مسلح بگٹی قبائل کا ترجمان ظاہر کرنے والے وڈیرہ عالم خان نے بتایا ہے کہ ڈیرہ بگٹی اور کوہلو کے علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی تین روز سے جاری کارروائی کے بعد آج صبح مسلح قبائلیوں نے ڈیرہ بگٹی میں قائم فرنٹیئر کور کی چوکیوں پر حملے کیے ہیں جس میں فورسز کا نقصان ہوا ہے لیکن سرکاری سطح پر ان حملوں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
ڈیرہ بگٹی کے ضلعی رابطہ افسر عبدالصمد لاسی نے کہا کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا جبکہ بلوچستان حکومت کے ترجمان رازق بگٹی نے کہا کہ انہیں اس بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے۔
یاد رہے کل رات مکران ڈویژن کے شہر مند میں وفاقی وزیر زبیدہ جلال کے مکان سے کچھ فاصلے پر دھماکہ ہوا تھا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔زبیدہ جلال کل ہی اپنے شہر مند پہنچی ہیں۔