http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 19 April, 2007, 23:38 GMT 04:38 PST

پاک افغان سرحد پر جھڑپ

کابل میں افسران کے مطابق افغان فوجی دستوں نے پاک افغان سرحد پر پاکستان کی جانب سے طالبان کے خلاف لگائی جانے والی باڑھ کے کچھ حصے کو اکھاڑ پھینکا ہے ۔

کابل میں افسران کا کہنا ہے کہ اس وجہ سے پاکستانی اور افغانی فوجیوں کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی ہے ۔ تاہم پاکستانی فوج کے ترجمان جنرل وحید ارشد نے کہا ہے کہ یہ جھڑپ باڑھ کی وجہ سے نہیں ہوئی کیونکہ یہ باڑھ پاکستانی علاقے میں لگائی گئی ہے۔

جنرل وحید کاکہنا ہے کہ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب پاکستان کے ایک گشتی فوجی دستے پر فائرنگ کی گئی۔فائرنگ میں دونوں ہی جانب سے کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

پاکستان نےطالبان جنگجوؤں کو روکنے کے لئے دو ہزار چھ سو چالیس کلو میٹر لمبی پاک افغان سرحد کے کچھ علاقوں پر باڑھ لگانے کا فیصلہ کیا ہے جو افغانستان کو منظور نہیں ہے۔

دوسری جانب افغان حکومت کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدام سے عام شہریوں کی جان کوخطرہ ہوگا اور پشتون قبائل اور خاندان جدا ہو جائیں گے۔

کرچی میں بی بی سی کے نامہ نگار الیاس خان کا کہناہے کہ کچھ ہی لوگ سمجھتے ہیں کہ باڑھ لگانے کے پاکستان کے منصوبے سے طالبان کو روکنے میں مدد ملے گی۔تاہم ان اقدامات سے افغانستان میں شدت پسند حملوں کو روکنے کے لیے پاکستان پر امریکہ ، نیٹو اور اقوام متحدہ کے دباؤ کو کم کرنے میں ضرور مدد ملے گی۔