Wednesday, 18 April, 2007, 01:45 GMT 06:45 PST
اعجاز مہر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
اسلام آباد میں سپریم جوڈیشل کونسل کے سامنے معطل چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کے خلاف درخواست پر سماعت شروع ہو گئی ہے۔
معطل چیف جسٹس کے وکیل نے کہا تھا کہ ان تینوں ججوں کو اس مقدمے کے فیصلے سے فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تینوں جج صاحبان کا مقدمے میں ذاتی مفاد وابستہ ہونے کی وجہ سے ان کو سپریل جوڈیشل کونسل کا رکن نہیں ہونا چاہیے۔
اس بار معطل چیف جسٹس کے وکلاء سپریم جوڈیشل کونسل کی تشکیل پر اپنے مزید اعتراضات کے حق میں دلائل دیں گے۔ جسٹس افتخار چودھری کا پینل چھ وکلاء پر مشتمل ہے جن میں اعتزاز احسن، حامد خان، جسٹس ریٹائرڈ طارق محمود، منیر اے ملک، علی احمد کرد اور قاضی محمد انور شامل ہیں۔
سپریم جوڈیشل کونسل قائم مقام چیف جسٹس رانا بھگوان داس، جسٹس جاوید اقبال، جسٹس عبد الحمید ڈوگر، جسٹس چودھری افتخار حسین (چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ)، جسٹس صبیح الدین (چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ) پر مشتمل ہے۔
تیرہ اور اکیس مارچ کو کونسل کی سماعت کے دوران سربراہی جسٹس جاوید اقبال نے کی جبکہ تین اور تیرہ اپریل کو کونسل کی سماعت کے دوران سربراہی قائم مقام چیف جسٹس رانا بھگوان داس نے کی۔