http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 15 April, 2007, 16:04 GMT 21:04 PST

ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی

مدرسہ حفصہ کے خلاف کراچی ریلی

حکومت کی حلیف جماعت متحدہ قومی موومنٹ، ایم کیو ایم نے جامعہ حفصہ کے خلاف کراچی میں ریلی نکالی جس میں مدرسے کو غیر شرعی و غیر قانونی قرار دیا گیا۔

یہ ریلی پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے مدرسہ حفصہ کی جانب سے نفاذِ شریعت کے اعلان کے خلاف نکالی گئی۔

اتوار کی شام گرومندر سے تبت چوک تک نکالی جانے والی اس ریلی میں انسانی حقوق کی تنظیموں، اقلیتوں اور خواتین کے نمائندوں سمیت لوگوں کی ایک بڑی تعداد شرکت کی۔

مظاہرین ’ڈنڈا بردار اور کلاشنکوف بردار شریعت نامنظور‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔

ریلی سے متحدہ کے رہنما الطاف حسین، رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر انور عالم اور پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے خطاب کیا۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ انتہا پسندوں نے اسلام کا غلط تصور پیش کرکے اسے دنیا میں بدنام کیا ہے۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ انتہا پسند گھروں میں گھس کر چادر اور چاردیوار کا تقدس پائمال کر رہے ہیں، کوئی کسی کے ساتھ جاتا ہے تو یہ پوچھنے والے کون ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست کے اندر ریاست قائم کر لی گئی ہے اور افسوس حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

جلسے میں شریک شیعہ، سنی، دیوی بندی، بریلوی اور اہل حدیث علما نے فتویٰ جاری کیا کہ ایسی جگہ پر نماز پڑھنا حرام ہے جو قبضہ کرکے حاصل کی گئی ہو، اور ایسی جگہ دینی تعلیم حاصل کرنا ناجائز اور غیر شرعی ہے۔