Saturday, 14 April, 2007, 10:18 GMT 15:18 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
بلوچستان کے شہر تفتان کے قریب پاک ایران سرحداڑھائی مہینے کی بندش کے بعد سنیچر کو دوبارہ کھول دی گئی ہے ۔
تفتان کے تحصیل نائب ناظم جلیل محمدانی نے بتایا ہے کہ سنیچر کی صبح ایرانی حکام نے سرحد کھول دی ہے جس کے بعد دونوں ممالک کے مابین تجارت کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
پاکستان کے اس سرحدی علاقے کے لوگ تجارت کے علاوہ بنیادی ضروریات کی اشیاء بھی ایرا ن سے لاتے ہیں اور اسی طرح ایران کے سرحدی علاقوں کے لوگ پاکستان سے مختلف اشیاء ایران لے جاتے ہیں۔
جلیل محمدانی نے بتایا کہ تفتان میں کوئی چھ ہزار لوگوں کی تجارت ایران سے وابستہ ہے اور گزشتہ اڑھائی مہینے سے سرحد کی بندش کی وجہ سے مقامی لوگوں نے نقل مکانی کے لیے منصوبہ بندی کرنا شروع کر دی تھی۔
پاک ایران سرحد اڑھائی مہینے پہلے زاہدان میں دہشت گردی کے ایک واقعے کے بعد بند کر دی گئی تھی۔ سرحد کی بندش کے علاوہ ایران نے سرحد پر ایک بڑی دیوار کی تعمیر کا کام بھی شروع کر دیا تھا جس سے سرحد کے دونوں جانب آباد لوگوں میں تشویش پائی جاتی تھی۔
پاکستان کے سرحدی علاقوں میں تجارت کے لیے اشیاء کی درآمد اور برآمد تبدیل ہوتی رہتی ہے اور اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کبھی آلو، ٹماٹر وغیرہ ایران سے پاکستان لائے جاتے ہیں تو اگلے ہی مہینے یہی اشیاء پاکستان سے ایران بھیجی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ چاول کھیلوں کا سامان اور پھل وغیرہ ایران بھیجے جاتے ہیں جبکہ ایران سے پٹرول، مٹی کا تیل اور گیس کے علاوہ پلاسٹک کا سامان اور پھلوں کے جُوس وغیرہ پاکستان لائے جاتے ہیں۔