http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 14 April, 2007, 14:44 GMT 19:44 PST

بیورو رپورٹ
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

’پولیس نے جنسی طور پر ہراساں کیا‘

امریکہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر اور انسانی حقوق کی فعال کارکن ڈاکٹر آمنہ بٹّر نے تین اپریل کو معطل چیف جسٹس کی عدالت عظمی آمد کے موقع پر اپنے ساتھ پولیس کی مبینہ بد سلوکی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

امریکی شہریت رکھنے والی امریکی ڈاکٹر نے اس درخواست میں نا معلوم پولیس اہلکاروں کی جانب سے ان پر تشدد اور جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات اور ذمّہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

درخواست میں آمنہ بٹّر نے انٹیلی جنس بیورو کے سربراہ پر بھی اپنے اہل خانہ کو ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

پیپلز پارٹی کی سربراہ بے نظیر بھٹو نے آمنہ بٹّر پر پولیس تشدد اور سیکیورٹی ایجنسیز کی طرف سے انہیں دھمکانے کے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ اخبارات کو بھیجے گئے ایک بیان میں بے نظیر بھٹو نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں خواتین سیاسی کارکنوں کا استحصال ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصّہ ہے۔