http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 12 April, 2007, 16:35 GMT 21:35 PST

رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام پشاور

کرم ایجنسی میں عارضی جنگ بندی

پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں امن جرگہ نے فریقین کے مابین عارضی جنگ بندی کرادی ہے جس کے بعد علاقے میں سات روز سے جاری جھڑپیں بند ہوگئی ہیں۔

دوسری طرف علاقے میں مستقل جنگ بندی کےلیے انتظامیہ نے کل شیعہ اور سنی عمائدین کا گرینڈ جرگہ طلب کرلیا ہے۔

کرم ایجنسی کے صدر مقام پارا چنار سے موصول ہونے والی تازہ اطلاعات میں سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ جنگ بندی گورنر سرحد علی محمد جان اورکزئی کی طرف ہنگو کے شیعہ اور سنی عمائدین پر مشتمل جرگے کی دو روز کوششوں کے بعد عمل میں آئی ہے۔

’ہم بھوک سے مر جائیں گے‘
پارا چنار میں تصادم کیوں شروع ہوا
پاراچنار میں فسادات: رائے دیجیئے
کرم فرقہ وارانہ فسادات: تصاویر
پاراچنار میں فوج کی کارروائی فریقن کے ٹھکانوں پر بمباری

امن جرگہ گزشتہ روز ہنگو سے پارا چنار کے لیے روانہ ہوا تھا اور راستے میں کرم ایجنسی کے مختلف علاقوں میں فریقین کے ساتھ مذاکرات اور عارضی فائر بندیاں کرتی ہوئی پارا چنار پہنچا تھا۔ جرگہ اراکین نے جمعرات کو فریقین سے کامیاب مذاکرات کیئے جس کے بعد صدر مقام پارا چنار میں عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا گیا۔

ادھر پولیٹکل انتظامیہ نے فریقین کے مابین مستقل جنگ بندی کےلیے کل شیعہ اور سنی مشیران اور عمائدین کا گرینڈ جرگہ طلب کرلیا ہے جس میں دونوں جانب سے تمام شرائط طے کیئے جائیں گے۔

پولیٹکل ایجنٹ کرم ایجسنی صاحبزادہ محمد انیس نے خبردار کیا ہے کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی پر فریقین کے خلاف فوجی کارروائی کی جائے گی۔