Tuesday, 10 April, 2007, 07:21 GMT 12:21 PST
عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایک امریکی فوجی دستے پر حملے میں تین امریکی فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا ہے جبکہ ایک خاتون خود کش بمبار نے پولیس میں بھرتی کے ایک مرکز پر حملہ کرکے چودہ افراد کو ہلاک اور بیس کو زخمی کر دیا ہے۔
یہ خود کش حملہ بغداد کے شمال مغربی میں مقدادیہ کے علاقے میں واقع بھرتی کے ایک مرکز پر کیاگیا۔
بغداد ہی میں پیر کو امریکی فوج کے ایک دستے پر حملے میں تین امریکی فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا ہے۔
بغداد میں تشدد کے ایک اور واقعہ میں مزاحمت کارروں نے دو امریکی ہیلی کاپٹروں کو نشانہ بنایا ہے جن کے بارے میں امریکی فوج کی ایک ترجمان نے بتایا کہ ہیلی کاپٹروں کو بحفاظت ایک امریکی فوجی اڈے پر اتار لیا گیا ہے۔
قبل ازیں عراقی پولیس نے اطلاع دی تھی کہ بغداد کے وسط میں مزاحمت کارروں کی فائرنگ کا نشانہ بننے کے بعد ایک امریکی فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
عراقی پولیس نے اس علاقے سے جھڑپوں کی اطلاعات بھی دی تھی۔ عراقی پولیس کے مطابق امریکی فوج نے اس پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیل کر دیا ہے۔
امریکی فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر پر ہلکے ہتھیاروں سے چلائی جانے والی کچھ گولیاں لگی تھیں لیکن ہیلی کاپٹر بحفاظت اپنے اڈے پر پہنچ گیا ہے۔
عراق کی جنگ میں مارچ دو ہزار تین سےاب تک پچاس کے قریب امریکی ہیلی کاپٹر تباہ یا حادثوں کاشکار ہو چکے ہیں۔