Friday, 06 April, 2007, 14:17 GMT 19:17 PST
ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
سندھ ہائی کورٹ نےاٹک گروپ کو پاکستان سٹیٹ آئل کی نجکاری میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس سلسلے میں نجکاری کمیشن کا فیصلہ مسترد کردیا ہے ۔
عدالت نے نجکاری کمیشن کے بورڈ کو توہین عدالت کے نوٹس بھی جاری کئے ہیں۔
گزشتہ روز نجکاری کمیشن کے ایک اجلاس میں اٹک گروپ کو پاکستان سٹیٹ آئل کی نجکاری میں بولی دینے کے لیے نااہل قراد دیا، جس کو اٹک گروپ نے عدالت میں چیلنج کیا تھا۔
جسٹس مسز قیصر اقبال نے کیس کی سماعت گیارہ اپریل تک ملتوی کردی۔ اس سے قبل سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عارف خلجی کی عدالت نے تیس مارچ کو اٹک گروپ کو نجکاری میں بولی دینے کی اہل قرار دیا اور پاکستان نجکاری کمیشن اور وفاق حکومت اس کے لئے پابند بھی کیا تھا۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر نجکاری زاہد حامد کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں اٹک گروپ پر الزام لگایاگیا کہ اس نے سٹیٹمنٹ آف کوالیفیکیشن میٹریل انفارمیشن فراہم نہیں کیا تھا، جس کی بناء پر اسے نااہل قرار دیا گیا ہے ۔
ملک میں تیل کا کاروبار کرنے والی سب سے بڑی کمپنی پاکستان سٹیٹ آئل کی نجکاری مئی کے پہلے ہفتے میں کی جائے گی۔
کمپنی کے اکاون فیصد انتظامی شیئرز کے لئے بولی لگانے کے لئے سات گروپوں کو اہل قرار دیا گیا تھا جن میں فوجی فاونڈیشن سمیت ملکی اور غیرملکی گروپ بھی شامل ہیں۔