Saturday, 31 March, 2007, 06:16 GMT 11:16 PST
پاک فوج کے مطابق پاکستان نے سنیچر کو کم فاصلے تک زمین سے زمین پر مار کرنے والے اور جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت کے حامل بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
پاک فوج کے محکمۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں میزائل تجربے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ تجربہ’مطلوبہ تکنیکی صلاحیتوں کی تصدیق‘ کے لیے کیا گیا۔
بیان کے مطابق حتف دوم ابدالی نامی میزائل دو سو کلومیٹر کے فاصلے تک نشانہ لگا سکتا ہے اور تمام اقسام کے ’وار ہیڈز‘ لے جا سکتا ہے۔
پاکستان نے گزشتہ ہفتے بھی ایک طویل فاصلے تک مار کرنے اور ریڈار کو دھوکہ دینے والے کروز میزائل حتف ہفتم بابر کا تجربہ کیا تھا جس کی رینج سات سو کلومیٹر تھی۔
پاکستان کی جانب سے یہ حالیہ تجربہ بھارت کے فضا سے فضا میں مار کرنے والے’استر‘ میزائل کے تجربات کے بعد کیا گیا ہے۔ حالیہ مہینوں میں پاکستان اور بھارت کی جانب سے میزائلوں کے تجربات میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور پچھلے چند ماہ میں باقاعدگی سے میزائل تجربات کیے گئے ہیں۔