http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 30 March, 2007, 11:40 GMT 16:40 PST

ہارون رشید
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

کوہاٹ: ویڈیو کی دکانیں نذرِ آتش

پاکستان کے صوبہ سرحد کے جنوبی شہر کوہاٹ میں نامعلوم مسلح افراد نے ویڈیو کی دو دکانوں اور کیبل آپریٹر کے ایک دفتر کو نذر آتش کر دیا ہے۔

پشاور سے ساٹھ کلومیٹر جنوب میں واقع کوہاٹ شہر میں یہ واقعات گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پیش آئے ہیں۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ چار نامعلوم نقاب پوش نوجوان جمعرات کی رات آٹھ بجے کوہاٹ میں پنڈی روڈ پر واقع محمد نگر میں ایک کیبل کمپنی ورلڈ کیبل 2000 کے نئے سب آفس میں داخل ہوئے، چوکیدار کو نکل جانے کے لیے کہا اور تیل ڈال کر دفتر کو آگ لگا دی۔

اس کے بعد کوہاٹ کے قریب ہنگو کے دوآبہ علاقے میں رات نو بجے نامعلوم افراد نے سی ڈی کی ایک دکان کو بم سے اڑا دیا۔

 حکومت کی جانب سے اس قسم کے حملوں میں ملوث افراد کو اب تک سزائیں نہ ملنے سے اس کاروبار کے خلاف عناصر کو شہہ ملی ہے
 
مبصرین

جمعہ کی صبح چھ بجے کوہاٹ کے چکر کوٹ علاقے میں نامعلوم افراد نے گھریلو ساخت کے بم سے ویڈیو کی دکانوں پر مشتمل شاہین مارکیٹ کو نشانہ بنایا۔

حملے کے وقت دکانیں خالی تھیں اس لیے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

کیبل کمپنی کے مالک محمد ندیم کا کہنا ہے کہ انہیں اس سے قبل دھمکی آمیز خطوط مل چکے تھے جن میں ان کے کاروبار کو غیراسلامی قرار دیتے ہوئے بند کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔

مقامی پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ان حملوں کی وجوہات ابھی واضح نہیں ہیں تاہم اس کے پیچھے دیگر محرکات بھی ہوسکتے ہیں۔

مبصرین کے خیال میں حکومت کی جانب سے اس قسم کے حملوں میں ملوث افراد کو اب تک سزائیں نہ ملنے سے اس کاروبار کے خلاف عناصر کو شہہ ملی ہے۔