Wednesday, 28 March, 2007, 18:32 GMT 23:32 PST
احمد رضا شیخ
کراچی
حیدرآباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ظفر شیروانی نے سنٹرل جیل حیدرآباد میں قید امریکی صحافی ڈینئیل پرل کے قتل کے مقدمے میں سزا یافتہ ملزم شیخ عادل کا طبی معائنہ کرانے کا حکم دیا ہے۔
یہ حکم انہوں نے شیخ عادل کے بڑے بھائی شیخ اسلم کی تحریری درخواست پر جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے بھائی پر جیل میں شدید تشدد کیا جا رہا ہے اور ان کا سر بھی مونڈھ دیا گیا ہے۔
درخواست میں انہوں نے کہا کہ اپنی ہمشیرہ کے ساتھ شیخ عادل سے منگل کو جیل میں ملاقات کی تو دیکھا کہ وہ بری طرح زخمی ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق شیخ عادل سے زخمی ہونے کے باوجود جیل میں مشقت کرائی جا رہی ہے۔
شیخ عادل اور ان کے ساتھی ملزمان سلمان ثاقب اور فہد نسیم کو ڈینئل پرل کے اغوا اور قتل کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت حیدرآباد نے سال دو ہزار دو میں عمر قید کی سزا سنائی تھی جب کہ مقدمے کے مرکزی کردار شیخ عمر کو سزائے موت سنائی تھی۔
شیخ عمر نے بھی والد شیخ سعید کے ذریعے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو تحریری شکایت کی تھی کہ ان کے ساتھ جیل میں غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے، جس پر فاضل جج نے سول جج اور جوڈیشل مجسٹریٹ عبدالوحید شیخ کو تحقیقات کا حکم دیا تھا۔