http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 26 March, 2007, 18:45 GMT 23:45 PST

ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی

طارق کرمانی پی آئی اے سے مستعفی

پاکستان کے قومی فضائی ادارے پی آئی اے کے چئرمین طارق کرمانی نے اپنے عہدے سے استعفے دے دیا ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ طارق کرمانی نے وزیراعظم شوکت عزیز سے ملاقات میں انہیں یہ استعفیٰ پیش کیا۔

پی آئی اے کا بحران، ہزاروں پریشان

ان کے مطابق وزیر اعظم نے طارق کرمانی کو اس وقت تک ذمہ داری ادا کرنے کی ہدایت کی ہے، جب تک کسی دوسرے آدمی کو مقرر نہیں کیا جاتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے پی آئی اے بحران کا شکار ہے۔ اس کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب یورپی ایوی ایشن نے پاکستان انٹرنیشنل ائر لائنز کے بیڑے میں شامل بیالیس میں سے تینتیس جہازوں پر یہ کہہ کر پابندی عائد کردی تھی کہ یہ جہاز فضائی سفر کے بین الاقوامی حفاظتی معیار پر پورا نہیں اترتے۔

اس پابندی کی وجہ سے بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

گزشتہ ہفتے پی آئی اے کے انجنیئروں نے بھی ایک طویل ہڑتال کی تھی، جس وجہ سے ادارے کی معمول کی کارکردگی متاثر ہوئی تھی۔