Monday, 26 March, 2007, 18:10 GMT 23:10 PST
ہارون رشید
بی بی سی اردو ڈاٹ کام پشاور
صوبہ سرحد کے دارالحکومت پشاور کے صدر کے علاقے میں پولیس کا کہنا ہے کہ ایک دھماکے میں عوامی نیشمل پارٹی کے ایک رہنما سمیت چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔
زخمی ہونے والوں میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی رہنما سید عاقل شاہ کے علاوہ ہوٹل کا چوکیدار اور ایک عورت سمیت دو راہگیر زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس حکام نے دھماکے کے مقام کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ایک اعلی پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ یہ تخریبی کارروائی ہے جس کا مقصد امن عامہ کی صورتحال کو خراب کرنا ہے۔
اس دھماکے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔
پشاور میں اس سے قبل محرم کے دوران خودکش حملے میں اعلی پولیس اہلکاروں سمیت اٹھارہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔