Saturday, 24 March, 2007, 08:46 GMT 13:46 PST
ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر خیرپور کے قریب ایک ٹریفک حادثے میں تیرہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں جن میں سے بارہ کا تعلق ایک ہی برداری سے ہے۔
خیرپور پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب بارہ بجے کے قریب قومی شاہراہ پر اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار ویگن اور ٹرک آپس میں ٹکرا گئے۔
تصادم اس قدر شدید تھا کہ گیارہ افراد نے جائے حادثہ پر ہی دم توڑ دیا جبکہ زخمیوں کو خیرپور اور نواب شاہ کے ہسپتالوں میں پہنچایا گیا جہاں خیرپور ہسپتال میں سنیچر کو مزید دو افراد زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔
پولیس کا کہنا ہے حادثے کا شکار ہونے والے لوگ برادری سطح پر ہونے والے ایک فیصلے میں شریک ہونے کے بعد واپس اپنےگاؤں جا رہے تھے کہ ان کی ویگن ٹرک سے ٹکرا گئی۔