http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 22 March, 2007, 07:06 GMT 12:06 PST

’کروز میزائیل کا کامیاب تجربہ‘

پاکستان نے جمعرات کو ایک ایسے کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو اپنے ساتھ نیوکلیئر وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پاکستانی فوج کے ایک ترجمان کے مطابق اس میزائل میں ریڈار سے بچ نکلنے کی صلاحیت بھی ہے۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ میزائل کا یہ تجربہ کہاں کیا گیا۔

میزائل جسے بابر (حتف ہفتم) کا نام دیا گیا ہے 700 کلومیٹر تک مار کر سکتا ہے۔ فروری کے مہینے میں پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے حتف ششم میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔ حتف ششم میزائل 2000 کلومیٹر تک مار کر سکتا ہے۔

مارچ کے آغاز میں بھی پاکستان نے کم فاصلے پر مار کرنے والے ایک میزائل کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس میزائل کے بارے میں بھی کہا گیا تھا کہ یہ نیوکلیئر وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

بابر میزائیل سات سو کلومیٹر کے فاصلے پر ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے اور اس میں مختلف قسم کے ہتھیار لے جانے کی صلاحیت ہے۔

پاکستان اور اس کا ہمسایہ بھارت دونوں جوہری صلاحیت کے حامل ملک ہیں اور دونوں ہی میزائل تجربات کرتے رہتے ہیں۔ حال ہی میں دونوں ملکوں نے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت خطے میں ایٹمی جنگ کے امکانات کو کم کیا جائے گا۔

ایک دوسرے کے خلاف متعدد جنگیں لڑنے والے دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔