Thursday, 22 March, 2007, 20:13 GMT 01:13 PST
ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ساغر حسین زیدی نے مدینۃ العلم خودکش بم حملے کے مقدمے میں ملزم محمد تحسین کو سزائے موت سنائی ہے۔ جب کہ الطاف حسین کو ثبوتوں کی عدم دستیابی پر شک کی بنا پر بری کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں مزار بری امام پر خودکش بم حملہ کے چند روز بعد کراچی کے گلشن اقبال میں واقعہ اہل تشیع کی مسجد مدینۃ العلم پر خودکش بم حملہ کیا گیا تھا۔
تیس مئی دوہزار پانچ کو ہونے والے اس حملے میں خودکش حملہ آور اور اس کا ساتھی مارے گے تھے جبکہ ایک پولیس اہلکار اور دو نمازی ہلاک اور بائیس زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس نے حملہ آوروں کے ساتھی محمد تحسین کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا تھا، جبکہ بعد میں الطاف حسین کی گرفتاری بعد میں عمل میں لائی گئی تھی۔
اس خودکش حملے کے بعد شہر میں ہنگاموں پھوٹ پڑے تھے اور نامعلوم افراد نے امریکی ریسٹورانٹ کے ایف سی کو نذر آتش کردیا تھا، جس میں سے چھ ملازمین کی دوسرے روز لاشیں ملی تھیں۔
ملزموں کو صبح کو عدالت میں لایا گیا تھا، جو فیصلے کے وقت عدالت میں موجود تھے۔