Friday, 16 March, 2007, 11:39 GMT 16:39 PST
پولیس نے متحدہ مجلس عمل کے سربراہ قاضی حسین احمد اور مرکزی رہنما حافظ حسین احمد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ان کو پارلیمنٹ لاجز کے سامنے سے گرفتار کر کے پولیس کی گاڑیوں میں ڈال کر لے جایا گیا۔ ان کی گرفتاری کے وقت پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے کا علاقہ میدانِ جنگ کا نقشہ پیش کر رہا تھا۔
لاہور میں سابق صدر رفیق تارڑ کو، جو ایک مظاہرے کی سربراہی کرنے والے تھے، پولیس نے آدھے گھنٹے تک ایک دکان میں محصور کررکھا تھا اور بعد میں انہیں ان کی گاڑی میں کہیں لے گئے جس کی ڈرائیونگ پولیس کا ایک اہلکار کررہا تھا اور ساتھ میں پولیس کی گاڑیاں چل رہی تھیں۔
تاہم چند گھنٹوں بعد رفیق تارڑ کو رہا کر دیا گیا۔
چیئرمین راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں لیگی اور متحدہ کے کارکنوں کے ایک جلوس نے جب سپریم کورٹ کی طرف جانے کی کوشش کی تو پولیس نے اسے روکا جس پر انہوں نے پولیس کے خلاف نعرہ بازی شروع کر دیا۔
پولیس نے جب مظاہرین کو پیچھے دھکیلنے کی کوشش کی تو انہوں نے پولیس پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے آنسو گیس کا استعمال کیا۔