http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 14 March, 2007, 20:44 GMT 01:44 PST

عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

تربت: سکیورٹی آپریشن، 14گرفتار

بلوچستان کے مکران ڈویژن کے شہر تربت کے قریب سکیورٹی فورسز کی ایک کارروائی کے دوران چودہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

فوج کے محکمۂ تعلقات عامہ کے مطابق مند میں ایک فراری کیمپ کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور فائر نگ کے تبادلے کے بعد چودہ افراد کوگرفتار کر لیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کیمپ سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے جبکہ گرفتار افراد سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

تربت سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بدھ کی صبح تمپ کے قریب پہاڑیوں میں مسلح قبائلیوں کے خلاف کارروائی کی۔ اطلاعات کے مطابق یہ کارروائی قریباً گیارہ گھنٹے تک جاری رہی اور اس میں گن شپ ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیے گئے۔

دو روز پہلے اپنا نام آزاد بلوچ بتانے والے ایک شخص نے بی بی سی کو بذریعہ ٹیلیفون مطلع کیا تھا کہ سکیورٹی فورسز تربت اور پنجگور کے علاقوں میں پیش رفت کر رہی ہیں اور وہاں بھاری اسلحہ بھی لایا جا رہا ہے۔