Wednesday, 14 March, 2007, 08:44 GMT 13:44 PST
رفاقت علی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
’معطل’ چیف جسٹس کی مقدمے کی سماعت کرنے والی سپریم جوڈیشل کونسل نے اخبارات اور ٹی وی چینلز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسے تبصرے کرنے اور پروگرام چلانے سے اجتناب برتیں جن سے مقدمے کی کارروائی پر اثر پڑ سکتا ہے۔
سپریم جوڈیشل کونسل کے سیکرٹری کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کے نوٹس میں آیا ہے کہ الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا جسٹس افتخار محمد چودھری کےخلاف دائر ریفرنس میں میڈیا ٹرائل کر رہا ہے۔
سپریم جوڈیشل کونسل نے کہا کہ وہ آزادی اظہار پر کوئی پابندی نہیں لگانا چاہتی ہے اور سمجھتی ہے کہ ملک کے ہر شہری کا یہ حق ہے کہ وہ جسٹس افتخار محمد چودھری کے ریفرنس کی کارروائی سے متعلق معلومات حاصل کر سکے۔ اسی لیے وہ مقدمے کی سماعت سے متعلق معلومات لوگوں تک پہنچانے کے انتظامات کر رہی ہے۔
سپریم جوڈیشل کونسل نے کہا ہے کہ ریفرنس کی کارروائی کو شفاف بنانے کے لیے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جسٹس افتخار محمد چودھری تک وکلاء کی رسائی کو ممکن بنایا جائے۔
سپریم جوڈیشل کونسل کے حکم کے بعد پاکستان کی وزارتِ اطلاعات اور الیکٹرانک میڈیا نے اخبارات کے ایڈیٹروں اور پرائیویٹ چینلز کے مالکان کو جسٹس افتخار محمد چودھری کے مقدمے میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔