Tuesday, 13 March, 2007, 04:54 GMT 09:54 PST
پاکستان کے وفاقی وزیرِ اطلاعات محمد علی درانی نے ان اطلاعات کی تصدیق کی ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل نے ذرائع ابلاغ کو سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے بارے میں ریفرنس کے حوالے سے رپورٹنگ اور تبصرے نہ کرنے کی ’ایڈوائس‘ جاری کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’بعض رپورٹیں ایسی تھیں جن سے عدالت کے وقار کا سوال پیدا ہوتا تھا۔تو اس پر ضرور تشویش تھی اور سپریم جوڈیشل کونسل نے اس کا نوٹس بھی لیا اور اس کے بارے میں میڈیا (ذرائع ابلاغ) کو ایڈوائس بھی جاری کی کہ ایسی رپورٹنگ نہ کریں جس سے عدلیہ کے زیر سماعت کیس پر اثر پڑے‘۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا ’انہوں (چیف جسٹس) نے کوئی خطاب تو فرمانا نہیں تھا، اس لیے ان سے ملاقاتیں نہیں ہوئیں‘۔
انہوں نے کہا کہ چند وکلا اور سیاستداں کی طرف سے اس معاملے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی گئی اور وکلا بھی جو جنہیں سیاستدانوں نے اکسایا ہے۔ ورنہ تو یہ عدلیہ کے زیر غور ایک جج کا معاملہ ہے جس کی سماعت پانچ جج کر رہے ہیں۔
محمد علی درانی کا کہنا تھا ’اس میں یہ وکلا اور سیاستداں کیا کریں گےاور انہیں کیا حق ہے اس میں مداخلت کرنے کا؟‘۔
انہوں نے کہا کہ جہاس تک رپورٹروں کا مسئلہ ہے ’رپورٹروں کا کام یہ نہیں بنتا کہ وہ ان کے (چیف جسٹس) کے گھر میں گھسیں اور ان سے کسی سیاسی بیان کی ڈیمانڈ کریں‘۔ وہ جوڈیشل کونسل کے سامنے آئیں گے اور اپنا موقف ان کے سامنے رکھیں گے‘۔