http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 13 March, 2007, 16:32 GMT 21:32 PST

’ملزم جیسی پیشی ہیرو جیسا استقبال‘

جسٹس افتخار محمود کی سپریم کورٹ آمد اور روانگی کے دوران کیا ہوا؟ اسلام آباد میں بی بی سی کے نامہ نگار نثار کھوکھر کا آنکھوں دیکھا حال کچھ یوں ہے:

’معطل چیف جسٹس کا قافلہ جب عدالت کے ججوں کے لیے مخصوص دروازے سے اندر داخل ہوگیا تو ہم نے بھی ان کے ساتھ جانے کی تیاری کرلی لیکن پولیس کی بھاری نفری نے روک دیا۔

چند ہی لمحوں کے بعد میڈیا کے لوگوں نے دوسرے بند دروازے کے اوپر چھلانگ لگانا شروع کردی۔ میں ان کی پیروی کرنے کا ابھی سوچ ہی رہا تھا کہ ایک معذور وکیل اور لیڈی رپورٹر نے بھی گیٹ کے اوپر چڑ ھنا شروع کیا۔ پھر تو میرا باہر رہنا بیکار تھا۔

جسٹس افتخار کی سپریم کورٹ آمد
سپریم کورٹ کے باہر کے مناظر
جسٹس افتخار کا استعفے سے انکار
ایڈوائس دی گئی: وزیراطلاعات کی تصدیق
جسٹس افتخار چودھری کی معطلی پر خصوصی ضمیمہ

جلوس کی صورت میں وکلا معطل چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کو مین گیٹ سے عدالت کے اندرونی احاطے میں لے کر آرہے تھے۔ ان کے نعروں سے عدالت کی عمارت گونج رہی تھی۔

وکلا ’گو مشرف گو، سپریم کورٹ کو رہا کرو، چیف جسٹس کو رہا کرو اور لاٹھی گولی کی سرکار نہیں چلے گی نہیں چلے گی‘ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔

میڈیا کی بہت بڑی تعداد نے جسٹس افتخار چودھری کو چند الفاظ بولنے کی گزارش کی جس کو وہ مسلسل ٹالتے رہے۔ جلوس کی شکل میں نعرے مارتا ہوا یہ قافلہ جب عدالت کے دفتری دروازے کے قریب پہنچا تو کافی دیر ہوچکی تھی اور چیف جسٹس خود ہی بول پڑے ۔

انہوں میڈیا اور وکلا کو مخاطب ہو کر کہا آپ کا بہت شکریہ لیکن ابھی مجھے جانے دیں۔ ایسا نہ ہو کہ مجھے دیر ہوجائے اور جوڈیشل کونسل یکطرفہ فیصلہ سنادے۔ جسٹس افتخار محمد چودھری نے مختصر الفاظ میں کہا کہ میں استعفٰی نہیں دوں گا اور اپنا مقدمہ لڑوں گا۔

کچھ وکلا نے آس پاس کے پھول توڑ کر جسٹس افتحار محمد چودھری کے اوپر نچھاور کیے۔

قریباً ڈھائی بجے دوپہر کو وہ اس جوڈیشل کونسل کے سامنے پیش ہونے کے لیے عدالت کے اندر داخل ہوئے جس کے رکن ججوں پر انہوں نے شدید اعتراضات کا اظہار کیا ہے اور ان پر کرپشن اور بدانتظامی کے الزامات لگائے ہیں۔

سرکاری کوڈ ورڈ میں مہمان جب عدالت کے اندر چلا گیا تو وکلا اور میڈیا کے لوگوں نے بھی سانس لی۔ وہ پارک اور فٹ پاتھ پر بیٹھ گئے۔

انتظار کی گھڑیاں جب ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی تھیں تو سب لوگوں کو اپنی بھوک اور پیاس یاد آنے لگی۔

انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کے آثار چار بجے شام کے قریب تب نظر آئے جب پولیس کی بھاری نفری حرکت میں آگئی۔

سارا میڈیا اور پولیس اس بلیک مرسڈیز کے سامنے دیوار بن کر کھڑے ہوگئے جو ججوں کے لیے مخصوص ہوتی ہے اور وہی کار جسٹس افتخار چودھری کو واپس لے جانے کے لیے لائی گئی لیکن چند ہی منٹوں کے بعد اس کار کو ہٹا کر ایک ایم این ای کی پراڈو گاڑی لائی گئی۔

دروازے سے جسٹس افتخار چودھری کے باہر آتے ہی وکلا نے نعرے لگانا شروع کردیے اور میڈیا نے ان سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن جسٹس نے بات نہیں کی۔

واپسی پر ایک بہت بڑا جلوس بن گیا جو ’مشرف ہائے ہائے اور لاٹھی گولی کی سرکار نہیں چلے گی نہیں چلے گی‘ جیسے نعرے لگا رہا تھا۔

پولیس نے وکلا کو لاٹھی چارج سے پیچھے ہٹایا اور جسٹس افتخار کی گاڑی تیز رفتار میں پرائم منسٹر سیکریٹریٹ کے سامنے پہنچ گئی۔

معطل چیف جسٹس افتخار محمد چودھری آج ملزم کی صورت میں عدالت آئے اور ایک ایسے بڑے جلوس کی صورت میں واپس گئے جو جلوس پاکستان میں آج کل سیاستدانوں کو بھی مشکل سے ہی نصیب ہوتا ہے‘۔