Tuesday, 13 March, 2007, 08:52 GMT 13:52 PST
ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
سندھ ہائی کورٹ میں منگل کو سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی معطلی کے خلاف دائر پٹیشن کی سماعت ہوئی۔
’انہیں یہ اختیار نہیں ہے کہ چیف جسٹس کو معطل کریں، یہ اقدام آئین کی خلاف ورزی ہے‘۔
پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیف جسٹس اور ان کے خاندان کو حبس بے جا میں رکھا گیا جس سے عوام میں بے چینی اور بد دلی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ صدر مشرف کے قدم کو غیر آئینی قرار دیا جائے۔
سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس سرمد جلال عثمانی اور جسٹس علی سائیں ڈنو میتلو کی عدالت میں اس درخواست کی سماعت ہوئی۔
نہال ہاشمی ایڈووکیٹ نے بتایا ہے کہ انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ صدر مشرف نے غیر آئینی قدم اٹھایا ہے، ابھی تک چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری حبس بےجا میں ہیں ۔
جسٹس سرمد عثمانی کا کہنا تھا کہ اسی نوعیت کی ایک درخواست سپریم کورٹ میں بھی دائر ہوئی ہے، جس کے بارے میں تفصیلات معلوم کی جائیں۔
اگلی سماعت جمعرات تک ملتوی کردی گئی ہے۔