Tuesday, 13 March, 2007, 12:08 GMT 17:08 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
چیف جسٹس آف پاکستان چوہدری افتخار محمد کی معطلی کے خلاف آج کوئٹہ میں کاروباری مراکز بند رہے جبکہ وکلاء نے یوم سیاہ منایا اور صوبے کے بعض شہروں میں احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے۔
سیاسی قائدین احتجاجی جلسوں سے خطاب کر رہے ہیں۔
کوئٹہ میں ہڑتال پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کی اپیل پر کی گئی اور اس موقع پر شہر کے تمام اہم کاروباری مراکز اور دکانیں بند رہے تاہم کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ تاجر برادری اور وکلاء نے ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
وکلاء برادری نے چیف جسٹس چوہدری افتخار محمد کی معطلی کے خلاف آج یوم سیاہ منایا ہے۔ بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ہادی شکیل ایڈووکیٹ نے کہا کہ وکلاء کا احتجاج جاری رہے گا اور بدھ کو وکلاء جلوس نکالیں گے۔
صوبے کے دیگر اضلاع بشمول تربت ڈیرہ اللہ یار لورالائی نوشکی اور سبی میں وکیلوں نے یوم سیاہ منایا اور احتجاجی مظاہرے کیے۔
کوئٹہ میں پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے زیر انتظام جسلہ عام جاری ہے جس میں دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین جیسے نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے عبدالولی کاکڑ، جماعت اسلامی مولوی عبدالحق کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز کے مقامی قائدین موجود ہیں۔ پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے محمود خان اچکزئی جلسے کی صدارت کر رہے ہیں۔