Tuesday, 13 March, 2007, 07:24 GMT 12:24 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
کوئٹہ کے قریب پاک فضائیہ کا ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے جس سے طیارے میں سوار دو پائلٹوں میں سے ایک ہلاک ہوگیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق طیارہ اپنی معمول کی پرواز پر تھا کہ اچانک کوئٹہ کے مضافات میں خروٹ آباد کے علاقے میں گر گیا۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس رحمت اللہ نیازی نے بتایا ہے کہ طیارہ کھلے میدان میں گرا ہے ۔
چھاؤنی سے حکام نے بتایا ہے کہ یہ ایف سیون طیارہ تربیتی پرواز پر تھا لیکن اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ گرنے کی کیا وجہ تھی۔ اس حادثے میں ایک پائلٹ ہلاک جبکہ دوسرا محفوظ رہا ہے۔
خروٹ آباد کا علاقہ ایئرپورٹ کے رن وے کے قریب واقع ہے جہاں آبادی بھی ہے۔
واقع پر ردعمل جاننے کے لیے پاک فضائیہ کے حکام سے فی الحال رابطہ نہیں ہوسکا ہے۔