http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 08 March, 2007, 03:00 GMT 08:00 PST

رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام پشاور

لوئیر دیر میں بھی شیو پر پابندی

پاکستان کے قبائلی علاقوں کے بعد صوبہ سرحد کے ضلع دیر میں بھی مقامی حجاموں اور ہیئر ڈریسروں نے شیو یا داڑھی منڈوانے پر پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے جبکہ خلاف ورزی پر تین ہزار روپے جرمانےوصول کیا جائے گا۔

صوبہ سرحد کا شمالی ضلع لوئیر دیر سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز صدرمقام تیمرگرہ اور تحصیل منڈا میں نامعلوم افراد کی جانب سے پمفلٹ تقسیم کئے گئے ہیں جس میں مقامی حجاموں کو دھمکیاں دی گئی ہیں کہ وہ لوگوں کے شیو بنانے یا داڑھی منڈوانے سے باز رہیں بصورت دیر نتائج کے خود ذمہ دار ہونگے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ان پمفلٹس کی تقسیم کے بعد بدھ کو ہئیر ڈریسروں نے تیمرگرہ اور منڈا بازار میں اپنی اپنی دکانوں پر بڑے بڑے اشتہارات لگائے ہیں جس میں داڑھی صاف کرنے پر پابندی کے الفاظ درج ہیں۔ حجاموں کی تنظیم نے خلاف ورزی کرنے والوں پر تین ہزار روپے جرمانہ لگانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

اس سے قبل پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی اور درہ آدم خیل میں بھی مقامی حجاموں نے سخت گیر عناصر کی طرف سے دباؤ کے باعث شیو کرنے پر پابندی لگانے کا اعلان کرچکے ہیں۔

لوئیر دیر میں ایک مقامی صحافی نے بی بی سی کو بتایا کہ منڈا کے علاقے میں ایک پمفلٹ مقامی مسجد کے امام مولانا صفیع اللہ کو دیا گیا تھا اور ساتھ میں ان کو دھمکی بھی دی گئی کہ وہ پمفلٹ مسجد میں نمازیوں کے سامنے پڑھ کر کر سنائیں ورنہ ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔

ادھر پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی ہیں۔

لوئیر دیر قبائلی علاقے باجوڑ کے ساتھ ملحق ہے ۔ لوئیر اور آپر دیر صوبہ سرحد کے دو الگ الگ شمالی اضلاع ہیں جو جماعت اسلامی کے گڑھ تصور کئے جاتے ہیں۔