Wednesday, 07 March, 2007, 21:51 GMT 02:51 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
بلوچستان میں کولپور اور سپیزنڈ کے درمیان ریل کی پٹڑی پراس وقت دھماکہ ہوا ہے جب اطلاعات کے مطابق کوئٹہ ایکسپریس اس مقام سے گزر رہی تھی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
کوئٹہ میں ریلوے کنٹرول میں موجود ڈپٹی چیف کنٹرولر مصطفیٰ نے بتایا ہے کہ دھماکے سے تین فٹ ریل کی پٹڑی تباہ ہو گئی ہے لیکن ریل گاڑی محفوظ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھماکہ ریل گاڑی کے انجن کے قریب ہوا ہے تاہم ریل گاڑی معجزانہ طور پر محفوظ رہی ہے۔ ریل کی پٹڑی کو مرمت کر لیا گیا ہے۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ ریل گاڑی گزرنے کے بعد دھماکہ ہوا۔
اس کے علاوہ بدھ کے روز پاک افغان سرحد کے قریب واقع شہر چمن میں بوغرہ روڈ پر آئل ٹینکر کو دھماکے سے اڑا دیا گیا ہے جس سے ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔ یہ ٹینکر افغانستان میں امریکی اڈوں کے لیے تیل لے جا رہا تھا۔
چمن میں یہ دھماکہ اس وقت ہوا ہے جب جرمنی کے فوجی جنرل پاکستانی حکام کے ہمراہ چمن کا دورہ کر رہے تھے۔ جرمنی کے فوجی جنرل کے ساتھ بلوچستان کے کور کمانڈر اور انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور کے علاوہ دیگر اعلی اہلکار چمن میں موجود تھے۔ اس وفد نے سرحد پر حفاطتی انتظامات کا جائزہ لیا بایئو میٹرک نظام کو اس ماہ کے آخر تک دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان نے سرحد عبور کرنے والوں کے لیے بائیو میٹرک نظام نصب کیا ہے جس سے سرحد عبور کرنے والوں کے انگلیوں کے نشان سے شناخت کی جاتی ہے لیکن افغانستان کی جانب سے اس نظام کی مخالفت کی وجہ سے بائیو میٹرک نظام کو کچھ عرصہ کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔