http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 02 March, 2007, 03:16 GMT 08:16 PST

برف کا تودہ گرنے سےدس فوجی ہلاک

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ افغان سرحد کے نزدیک گشت کرنے والے کم سے کم دس فوجی برف کے تودے میں دب کر ہلاک ہو گۓ ہیں۔ چار مزید فوجی لاپتہ ہیں۔

یہ سانحہ پشاور سے کوئی پچہتر کلومیٹر دور برف پوش پہاڑی علاقے کچکول میں پیش آیا جہاں فوجی پیدل گشت کر رہے تھے۔

امدادی کارکنوں نے کہا ہے کہ انہوں نے پانچ فوجی برف کے تودے کے نیچے سے نکالے ہیں لیکن آٹھ سے دس تک ابھی بھی برف کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔

نامہ نگاروں کے مطابق سال کے اس موسم میں یہاں برف کے تودے گرتے رہتے ہیں۔

شمال مغربی قبائلی علاقے کی سکیورٹی کے انچارج ارباب عارف نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ پھنسے ہوئے لوگوں کو زندہ نکالنے کے امکانات بہت کم ہیں۔

پاکستان کی تقریباّ اسّی ہزار فوج مشتبہ طالبان، القاعدہ اور ان کے حامیوں کا کھوج لگانے کے لیے افغانستان کی سرحد پر تعینات ہے ۔