http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 01 March, 2007, 12:52 GMT 17:52 PST

اعجاز مہر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

’بینظیر لندن اے پی سی میں نہیں‘

پاکستان پیپلز پارٹی کے سرکردہ رہنما مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ چوبیس مارچ کو لندن میں مسلم لیگ نواز کی میزبانی میں ہونے والی کل جماعتی کانفرنس میں بینظیر بھٹو شرکت نہیں کریں گی۔

دبئی سے فون پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ کل جماعتی کانفرنس میں پیپلز پارٹی کا اعلیٰ سطحی وفد شریک ہوگا۔

جب ان سے بینظیر بھٹو کی عدم شرکت کی وجہ پوچھی گئی تو امین فہیم نے کہا کہ ’محترمہ کی رائے ہے کہ کل جماعتی کانفرنس اس وقت بلائی جائے جب صدر جنرل پرویز مشرف خود کو موجودہ اسمبلیوں سے منتخب کرانے کا اعلان کریں‘۔

مخدوم امین فہیم نے کہا کہ لندن میں چوبیس اور پچیس مارچ کو ہونے والی دو روزہ کانفرنس کا اعلامیہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز کے رہنما مرتب کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پہلے پیپلز پارٹی کے رہنما کہتے رہے ہیں کہ ’اے پی سی، کا میزبانی اتحاد برائے بحالی جمہوریت یعنی ’آے آر ڈی، کے پلیٹ فارم سے ہونی چاہیے۔

اس بارے میں جب مسلم لیگ نواز کے سیکریٹری اطلاعات احسن اقبال سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے اطلاع ملی ہے کہ بینظیر بھٹو شریک نہیں ہوں گی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ایک وفد کل جماعتی کانفرنس میں شریک ہوگا اور اس کی شرکت اتنی ہی اہمیت کی حامل ہوگی جتنی محترمہ کی شرکت۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی پینتیس سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو لندن میں منعقد ہونے والی کانفرنس کے دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں اور بیشتر نے شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز ایک دوسرے کی حریف جماعتیں ہیں لیکن صدر جنرل پرویز مشرف کے اقتدار میں آنے کے بعد وہ اتحاد برائے بحالی جمہوریت کے پلیٹ فارم پر متحد ہوئیں۔ تاہم ایک اتحاد میں شامل ہوتے ہوئے بھی دونوں جماعتیں مختلف معاملات پر پارلیمان میں ایک دوسرے سے کھل کر اختلاف رائے کرتی رہی ہیں۔