Wednesday, 28 February, 2007, 11:16 GMT 16:16 PST
ہارون رشید
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے قبائلی علاقے ایف آر ٹانک میں حکام کا کہنا ہے کہ انہیں جنوبی وزیرستان جانے والی سڑک پر منگل اور بدھ کی درمیانی رات ایک شخص کی بوری میں بند لاش ملی ہے جسے بظاہر جاسوسی کے الزام میں ہلاک کیا گیا ہے۔
ٹانک سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ لاش ایف آر ٹانک کے علاقے سے ملی جسے شناخت کے لیے ٹانک لایا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس شخص کی شناخت ہوگئی ہے اور وہ تیس سالہ افغان شہری اختر عثمان ہیں۔ ان کی لاش بوری میں بند تھی تاہم ان کا سر اور ایک پیغام اس بوری کے ساتھ پڑے ملے ہیں۔
اختر عثمان کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ماضی میں علاقے میں شدت پسندی کے خلاف کھل کر بات کرتے رہے تھے۔
پاکستان کے قبائلی علاقوں خصوصا جنوبی اور شمالی وزیرستان میں گزشتہ کئی برسوں سے امریکہ کے لیے جاسوسی اور حکومت کے حامی ہونے کے الزامات کے تحت بڑی تعداد میں لوگ مارے جا چکے ہیں۔