Tuesday, 27 February, 2007, 15:01 GMT 20:01 PST
رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام پشاور
صوبہ سرحد کے جنوبی شہر بنوں میں پولیس سٹیشن کے قریب واقع ویڈیو کی دکان پر مقامی طالبان نے حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی اور ٹوٹی ہوئی سی ڈیز کے ٹکڑے تھانے کے سامنے ڈال کر چلے گئے۔
پولیس نے واقعے کی تصدیق کردی ہے تاہم اس سلسلے میں مزید بات کرنے سے انکار کردیا۔
بنوں میں سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ منگل کی صبح آٹھ بجے پیش آیا جب چند مسلح طالبان جنگجوؤں نے پولیس سٹیشن منڈان کے سامنے قائم نیاز علی کی ویڈیو دکان میں اچانک گھس کر دکان میں موجود سی ڈی پلئر اور سی ڈی ڈسکیں توڑ پھوڑ کر سڑک پر پھینک دیں اور دکان کے شیشوں کو بھی نقصان پہنچایا۔
عینی شاہدوں کا کہنا ہے کہ اس موقع پر پولیس سٹیشن کے سامنے پولیس اہلکار ڈیوٹی پر موجود تھے تاہم طالبان کو دیکھتے ہی وہ تھانے کے اندر چلے گئے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ طالبان سی ڈیز توڑنے کے بعد ان کے ٹکڑے تھانے کے سامنے پھینک کر آرام سے ککی شہر کی جانب روانہ ہوگئے۔
بنوں پولیس کے ایک اہلکار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بی بی سی سے اس بات کی تردید کی کہ طالبان نے پولیس اہلکاروں کے سامنے دکان میں توڑپھوڑ کی۔
![]() | |
| دکان کے قریب ٹوٹے ہوئے شیشے پڑے ہیں |
واضح رہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی رات تھانہ منڈان پر نامعلوم افراد کی جانب سے ایک راکٹ حملہ بھی کیا گیا تھا جس میں تھانے کے ایک کمرے کو نقصان پہنچا تھا۔
بنوں پاکستان کے قبائلی علاقے وزیرستان سے ملحق ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران علاقے میں مقامی طالبان کے اثر و رسوخ میں اضافہ ہوا ہے۔