http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 23 February, 2007, 18:31 GMT 23:31 PST

ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

اخبار پر پابندی کے خلاف احتجاج

کراچی میں صحافیوں نے روزنامہ اسلام اور دو ہفت روزہ جریدوں کی اشاعت پر پابندی اور الجزیرہ چینل کے کیمرہ مین سامی الحاج کی گوانتانامو میں قید کے خلاف احتجاجی جلوس نکالا ہے اور گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا ہے۔

پاکستان یونین آف جرنلسٹس کے کارکن اور روزنامہ اسلام کے ملازمین ’صحافت پر پابندی نامنظور‘ اور ’فوجی حکمراں نامنظور‘ کے نعرے لگاتے ہوئے گورنر ہاؤس پہنچے جہاں پر دھرنا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے فرائڈے سپیشل پر پابندی عائد کی گئی تھی جس کا مقدمہ زیرِ سماعت ہے مگر حکومت کوئی الزام ثابت نہیں کرسکی ہے۔

صحافیوں کی یونین کے سیکرٹری جنرل نے مطالبہ کیا کہ اگر حکومت کو کسی اخبار یا صحافی سے کوئی شکایت ہے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی یا عدالتی چارہ جوئی کرے۔

مظہر عباس کا کہنا تھا کہ اگر روزنامہ اسلام سے پابندی ختم نہیں کی گئی تو ملازمین کے بچے اور صحافی گورنر ہاؤس کے سامنے بھوک ہڑتال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’ ہم اس پابندی کو برداشت نہیں کریں گے کیونکہ صحافت ان کا روزگار ہے۔ اس پابندی سے ایک سو بتیس ملازم بے روزگار ہوگئے ہیں‘۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے جمعرات کو روزنامہ اسلام، ہفت روز اسلامی اخبار اور ماہنامہ الابرار کے ڈکلریشن وفاقی حکومت کی ہدایت پر منسوخ کردیئے تھے۔