http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 22 February, 2007, 19:35 GMT 00:35 PST

ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی

سندھ میں کئی ڈیکلئریشن منسوخ

حکومت سندھ نے ایک روزنامے اور دو ہفت روزوں جرائد کے ڈیکلئریشن منسوخ کرنے کے احکام جاری کیے ہیں۔

سندھ کے محکمہ داخلہ کے سکریٹری بریگیڈیئر غلام محمد محترم نے بی بی سی کو بتایا کہ روزنامہ اسلام، ہفت روز اسلامی اخبار اور ماہ نامہ الابرار کے ڈیکلیریشن وفاقی حکومت کی ہدایت پر منسوخ کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اخبارت اور جرائد الرشید ٹرسٹ اور الاختر ٹرسٹ کے زیر انتظام شائع ہوتے تھے جن پر حکومت پابندی عائد کرچکی ہے۔

روزنامہ اسلام کے مدیر قاری عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ ان کے اخبار کا الرشید ٹرسٹ سے کوئی تعلق نہیں ان کا صرف دفتر ان کے دفتر کے برابر میں ہے۔ یہ اخبار اسلام فاونڈیشن نامی تنظیم نکالتی ہے۔

انہوں نے بتایا ابھی تک حکام کی طرف سے انہیں کوئی بھی نوٹس نہیں ملا ہے۔
ہفت روزہ اسلامی اخبار دو سال پہلے بند ہوچکا ہے اور اس کا ڈیکلریشن اب منسوخ کیا گیا ہے، جب کہ ماہنامہ الابرار اب بھی شائع ہوتا تھا۔

ہوم سیکریٹری کا کہنا ہے اخبار اسلام اور جرائد کے دفتر بھی سیل کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ ہفتے الرشید اور الاختر ٹرسٹ پر پابندی عائد کرکے اس کے دفاتر سیل کردیے تھے۔