Wednesday, 21 February, 2007, 19:35 GMT 00:35 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
مری قبیلے کے لوگوں نے دعوی کیا ہے کوہلو ضلع میں سکیورٹی فورسز نے بدھ کو ایک بار پھر کارروائی شروع کی ہے جس میں آٹھ افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ہیں لیکن سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔
مری اتحاد کے ترجمان نے بتایا ہے کہ کاہان کے مشرقی علاقے جھبر اور گوز ونگاہ میں فضائی حملے کیے گئے ہیں جس میں آٹھ افراد ہلاک اور تئیس زخمی ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا ہے کہ پچاس افراد کو گرفتار کرکے فورسز کے ارکان ساتھ لے گئے ہیں۔
سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ صوبائی حکومت کے ترجمان رازق بگٹی نے بتایا ہے کہ انہیں اس بارے میں کچھ علم نہیں ہے اور نہ ہی کہیں سے اس کی تصدیق ہو سکی ہے۔
یاد رہے چند روز پہلے کوہلو اور سبی کے سرحدی علاقے جالڑی سے مری قبیلے کے بزرگ افراد نے ایک اخباری کانفرنس میں کہا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے انیس جنوری سے بائیس جنوری تک کارروائی میں اڑتیس افراد ہلاک کر دیے تھے لیکن سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔
اس کے علاوہ ڈیرہ اللہ یار کے قریب ایک بارودی سرنگ کے پھٹنے سے تین افراد زخمی ہوئے ہیں اور کل رات سوئی میں کنواں نمبر بتیس کے قریب ایک گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا گیا تھا۔
اپنے آپ کو بگٹی مسلح قبائل کا ترجمان ظاہر کرنے والے وڈیرہ عالم خان نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔