Wednesday, 21 February, 2007, 11:10 GMT 16:10 PST
پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان سے متصل ضلع ٹانک میں نامعلوم افراد نے ایک قبائلی سردار کو گولی مارکر ہلاک کردیا ہے۔
جنوبی وزیرستان کے علاقے کوٹ کائی کے پچپن سالہ ملک حاجی عبدالکریم اشنگئی قبیلے کے بڑے سردار تھے۔وہ ٹانک بازار سے پانچ کلومیٹر دور وانا روڈ پر واقع گاؤں چیسن کچھ میں رہائش پذیر تھے اور بدھ کے صُبح چار بجے چند مُسلح لوگوں نے ان کوگھر سے باہر بُلایااور ان کو اپنے ساتھ چلنے کوکہا لیکن انہوں نے جانے سے انکار کر دیا ان کے انکار پر مُسلح لوگوں فائرنگ کرکے ان کو موقع ہی پرہلاک کردیا۔
ملک عبدالکریم حکومت کے حامی سردار تھے اس ہلاکت کی وجہ ابھی واضع نہیں ہوئی ہے لیکن کسی نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم ملک عبدالکریم کو القاعدہ اور طالبان سے متعلق حکومتی پالیسیوں کا حامی تصور کیا جاتا تھا۔
اس سے قبل بھی وزیرستان میں دو سو کے قریب سرکردہ قبائلی سرداروں یا ان کے رشتہ داروں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ تاہم حکومت ان سب ہلاکتوں کو ’ٹارگٹ کلنگ’ قرار نہیں دیتی۔ حکومت کا کہنا کہ یہ قبائلی دشمنیوں کا شاخسانہ بھی ہوسکتی ہیں۔لیکن ایک مقامی صحافی نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ ان کی کوئی دُشمنی نہیں ہے۔