http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 20 February, 2007, 17:13 GMT 22:13 PST

ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

دو مزید مشتبہ خودکش بمبارگرفتار

سی آئی ڈی پولیس نے حیدرآباد سے دو مزید مشتبہ خودکش بمباوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان کا تعلق گزشتہ ہفتے کراچی سے گرفتار ہونے والے مشتبہ بمباروں سے ہے۔

ایس پی سی آئی ڈی فیاض خان نے بتایا کہ کراچی سےگرفتار ہونے والے شاہد، فرحان اور عبدالغنی کی نشاندھی پر حیدرآباد کی ڈیپلائی کالونی میں ایک گھر سے دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کی شناخت شعیب عرف طارق اور قاری اعجاز کے ناموں سے کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں قاری ظفر کے لیے کام کرتے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے دو دستی بم، دو پستول اور ایسا دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا ہے جس سے خودکش بم حملے میں استعمال ہونے والی جیکٹ تیار کی جاسکتی ہے۔

ایس پی فیاض خان نے بتایا ’ملزمان کا ہدف کراچی میں دہشت گردی کے خلاف کام کرنے والی ایجنسیز اور پولیس اہلکار تھے اور یہ وانا میں سیکیورٹی فورسز پر حملے میں ملوث رہے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے وانا میں تربیت حاصل کی ہے اور وہاں سے مدرسوں سے نوجوانوں کو جہاد کے لیے تیار کر کے قاری ظفر کے پاس بھیجتے تھے۔

پولیس کے مطابق شعیب ایبٹ آباد اور قاری طارق وانا سے تعلق رکھتے ہیں۔
ایس پی کا کہنا ہے کہ ان لوگوں سے قاری ظفر نے خودکش بم حملہ کرانے کے لیے حلف لیا تھا اوراگر ان کو دوسرے لڑکے نہیں ملتے تو وہ خود بھی خود کش حملے کے لیے تیار تھے۔ پولیس کے مطابق انہوں نے قاری ظفر کے ساتھ اپنے حلف اور وصیت کو ریکارڈ کروایا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قاری ظفر مبینہ طور پر القاعدہ کے لیے کام کرتے ہیں۔