Saturday, 17 February, 2007, 18:47 GMT 23:47 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
بلوچ بار ایسوسی ایشن نے کوئٹہ میں سینئر سول جج کی عدالت میں دھماکے کے حوالےسے سات روز تک سوگ منانے کا اعلان کیا ہے جبکہ صوبائی حکومت نے ہلاک ہونے والے افراد کے لیے تین لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
بلوچ بار ایسوسی ایشن کے لیڈر صادق رئیسانی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بلوچ بار ایسوسی ایشن اس واقعہ کے خلاف سات روز تک سوگ منائے گی۔
اس کے علاوہ جمعیت علماء اسلام فضل الرحمان گروپ نے اس واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
جمعیت کے سیکرٹری اطلاعات عبدالستار چشتی نے کہا ہے جماعت کے ایک اجلاس میں قائدین نے کہا ہے کہ جب عدالتیں ہی محفوظ نہیں رہیں تو باقی کیا رہ جاتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔
ادھر صوبائی حکومت نے اس واقعہ میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے تین تین لاکھ اور زخمیوں کے لیے ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
صوبائی وزراء اراکین صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز نے سول ہسپتال کا دورہ کیا ہے اور اس واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سینیٹر کلثوم اور صوبائی وزیر عاصم کرد گیلو نے کہا ہے کہ ایسے واقعات کے ذمہ داروں کی مذمت کرنی چاہیے اور ایسے واقعات کی ہر شخص مذمت کر رہا ہے۔