http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 15 February, 2007, 12:35 GMT 17:35 PST

ڈیرہ اسماعیل خان میں حالات کشیدہ

صوبہ سرحد کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں بدھ کو قتل کیے جانے والے شیعہ رہنما جواد حُسین کو جمعرات کے دن سخت سکیورٹی میں سپرد خاک کردیاگیا۔ دوسری جانب مظاہرین نے ڈیرہ اسماعیل خان شمالی سرکلر روڈ کو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔

مقتول رہنما جواد حُسین کے نمازِ جنازہ سے قبل پولیس نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیے تھے اور پورے شہر کو سیل کر دیا تھا۔

پولیس کے ایک افسر صلاح الدین نے بی بی سی کو بتایا کہ نمازِ جنازہ کے موقع پر( کوٹلی امام) میں پولیس کی بھری نفری تعینات کردی گئی تھی تاکہ اس موقع پر کوئی ناخُوشگوار واقع پیش نہ آئے۔

مقامی صحافی شوکت خٹک نے بی بی سی کو بتایا کہ شہر میں سخت خُوف و ہراس پایا جا رہا ہے بازار میں زیادہ تر دکانیں بند ہیں۔

گزشتہ روز دو موٹر سائکل سواروں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ کر کے شیعہ رہنما جواد حُسین کو قتل کردیا تھا۔ ان کے قتل کے بعد ان کے لواحقین اور برادری نے شدید احتجاج کیا تھا۔