http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 10 February, 2007, 08:54 GMT 13:54 PST

عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ

کوئٹہ کو گیس جزوی طور پر بحال

کوئٹہ کے قریب نا معلوم افراد نے سنیچر کے روز بڑی گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا تھا جس سے کوئٹہ شہر کوگیس کی ترسیل کئی گھنٹے تک معطل رہی اور شام گئے متبادل ذرائع سے شہر کو گیس کی سپلائی جزوی طور پر بحال کر دی گئی۔

سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل مینیجر محمد نواز نے بتایا ہے کہ کوئٹہ میں سریاب کے قریب کلی قمبرانی میں سول انچ قطر کی ایک بڑی پائپ لائن کو اڑا دیا گیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ اس پائپ لائن سے کوئٹہ شہر کو گیس فراہم کی جاتی ہے۔

پائپ لائن میں دھماکہ کے بعد کوئٹہ شہر کو گیس کی ترسیل معطل ہو گئی تھی۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس وزیر خان ناصر نے بتایا ہے کہ گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑایاگیا جس سے پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی لیکن گیس کی ترسیل بند کر دینے کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔

اس کے علاوہ ادھر سبی سے آمدہ اطلاعات کے مطابق لہڑی کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا ہے۔