Friday, 09 February, 2007, 09:26 GMT 14:26 PST
ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
اوباوڑو میں مبینہ اجتماعی زیادتی کا شکار ہونے والی نسیمہ لبانو کے خاندان پر مقدمہ واپس لینے اور برادری میں فیصلہ کرنے کے لیئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
نسیمہ لبانو کے ماموں اصغر لبانو نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کی برادری کے وڈیرے اور مقامی سردار دباؤ ڈال رہے ہیں کہ مقدمہ واپس لیا جائے اور اس معاملے کا سرداروں سے فیصلہ کروایا جائے۔
اصغر نے بتایا کہ دو روز قبل ملزمان کی کچھ خواتین پاک کتاب لیکر معافی کے لیے آئیں تھیں، انہوں نے مانا تھا کہ ملزماں سے غلطی ہوگئی ہے اور وہ جرمانہ ادا کرنے کے لیے تیار ہیں اور اس کا عدالت سے باہر فیصلہ کروایا جائے۔
اصغر لبانو کا کہنا ہے کہ ان کی لڑکی کی عزت تو لٹ گئی، اب وہ واپس تو نہیں آسکتی لیکن وہ کسی صورت میں تصفیہ کرنا نہیں چاہتے۔
ان کا مطالبہ ہے کہ تمام ملزمان گرفتار ہوں اور انہیں سزائیں ملیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اوباوڑو میں عدم تحفظ کا شکار ہوگئے تھے اس لیے لڑکی کو کسی دوسری جگہ پر منتقل کردیا گیا ہے۔