http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 08 February, 2007, 14:49 GMT 19:49 PST

ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

’ اقلیتوں کی کوئی نہیں سنتا‘

حیدرآباد سے اغوا کے بعد بیدردی سے قتل کئےگئے ہندو انجنیئر گریش کمار کے والد سسپال داس نے حکومت سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے،ان کا کہنا ہے کہ اقلیتی بغیر تحفظ کے یہاں بیٹھے ہوئے ہیں ان کی کوئی سننے والا نہیں ہے۔

بائیس سالہ گریش کمار کو سترہ اگست کو حیدرآباد سےاغوا کیا گیا تھا،
بدھ کو دو افراد کے گرفتار ہونے کے بعد ان کے قتل ہونےکا انکشاف ہوا۔

’ہندو انجینئر: ٹکڑے کر کے جلایا گیا‘

گرفتار ملزم شاہد نے پولیس کو بتایا تھا کہ اس کے بھائی طاہر نےگریش کو اغوا کرنے کے بعد کاٹ دیا اور لاش کو جلا کر دفن کردیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس عرصے میں ملزمان نے ان سے رابطہ کیا تھا اور پیسے مانگے انہوں نے ان سے پوچھا یہ پیسے کس کو دیئے جائیں ، کوئی آدمی سامنے آئےگا تو پیسے دیں گے یا بیچ میں کوئی آدمی لایا جائے۔

سسپال ملزمان سے یہ مطالبہ کرتے رہے کہ ان کی گریش سے بات کروائی جائے مگر ملزماں نے ان کی یہ خواہش پوری نہیں کی۔ سسپال داس کےمطابق ملزماں کا کہنا تھا کہ لڑکے سے بات نہیں کروائی جاسکتی کیونکہ وہ ایسی جگہ پر ہیں جہاں ٹریس ہوجائیں گے۔

سسپال داس کنری میں تجارت کرتے ہیں گریش کمار کے بچھڑنے کے بعد
ان کے دو بیٹے ہیں جس میں سے ایک ڈاکٹر اور دوسرا ایم بی اے کا طالب علم ہے گریش کمار الیکٹریکل انجنیئر تھے جن کی منگنی ہوچکی تھی۔

ان کے والد کے مطابق چھ ماہ کے بعد وہ بیٹے کی شادی کرنے کا سوچ رہے تھے۔
سسپال داس نے بتایا کہ اس واقعے میں ملوث ملزماں کو وہ نہیں جانتے ہیں مگر اس وقت جو حقائق سامنے آئے ہیں ان سے یہ معلوم ہوا کہ کنری میں حزب المجاہدین کا ایک آدمی اس سازش میں شامل ہے۔ان کے مطابق بس جہادی تنظیم کا آدمی ہے، جہاد کے نام پر ہندو کو قتل کرو۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں صرف ہندو ہونے کی وجہ سے ٹارگیٹ بنایا گیا ہے ان کا اور کوئی مقصد نہیں تھا۔ ہم کاروباری لوگ ہیں صبح کو آنا شام کو گہر جانا اس کے علاوہ کوئی سرگرمی نہیں تھی۔

سسپال داس نے بتایا کہ وہ انصاف کے لیے لڑیں گے اور انہیں عدالتوں سے توقع رکھتے ہیں کہ ان سے انصاف کیا جائےگا۔

دوسری جانب گریش کمار کی لاش کے ٹکڑے ورثا کے حوالے کردیئےگئے ہیں۔ عمرکوٹ کے شہر کنری میں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی، مزید تصدیق کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نمونے لاہور بھیج دیئے گئے ہیں۔

کوٹڑی پولیس نےجمعرات کوگرفتار ملزماں خادم حسین اور شاہد حسین منہاس کو ریمانڈ کے لیے حیدرآباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر کے سات روز کا ریمانڈ حاصل کیا۔

خادم حسین کا گریش کمار کے قتل اور اغوا کےمقدمے میں جبکہ شاہد حسین کا پولیس پر حملے اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں سات روز کا ریمانڈ حاصل کیا گیا ہے۔