Monday, 05 February, 2007, 21:23 GMT 02:23 PST
رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام پشاور
صوبہ سرحد کے جنوبی ضلع بنوں میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک غیر سرکاری تنظیم کے دفتر پر حملے کے بعد دو طالبان جنگجوؤں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
بنوں کے ضلعی پولیس افیسر مظہرالحق نے بی بی سی کو بتایا کہ پیر کی شام اٹھ بجے محلہ بھٹیاں بنوں شہر میں چھ طالبان جنگجوؤں نے ایک غیر سرکاری تنظیم کمیونٹی اپلفٹ پروگرام کے دفتر پر حملہ کیا اور تنظیم کی گاڑی سمیت دفتر میں موجود دیگر چیزیں اپنے ساتھ لے گئے۔
واقعے کے فوری بعد پولیس نے ناکہ بندی کرکے جنگجوؤں کو میران کے علاقے میں روک لیا۔ پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ اس موقع پر جنگجوؤں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے دوران دو جنگجوؤں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگرقبائلی علاقے کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ گرفتار ہونے والے دونوں طالبان جنگجوؤں کا تعلق وزیرستان سے بتایا جاتا ہے۔
واضع رہے کہ ضلع بنوں قبائلی علاقے وزیرستان سے ملحق ہے۔ اس سے قبل بھی اس علاقے میں پولیس اور مقامی طالبان جنگجوؤں کے مابین جھڑپوں کے واقعات ہوتے رہے ہیں۔