Sunday, 04 February, 2007, 13:54 GMT 18:54 PST
ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
کراچی میں بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے گوادر منصوبے اور پارٹی کے مرکزی صدر سردار اختر مینگل کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرین بلوچستان سے سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف اور بلوچستان لبریشن آرمی کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔
بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے رہنما حمید ساجنا، مشتاق احمد اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر پورٹ کو سنگاپور کے حوالے کر کے بلوچوں سے زیادتی کی جارہی ہے۔ وہاں بلوچوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازش کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوجی جنرل یہ سمجھتے ہیں کہ بلوچ قوم کی جدوجہد کو توپوں اور گنوں سے دبایا جائے گا تو یہ ان کی بھول ہے۔ بلوچ اپنی جدو جہد سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔
بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سردار اختر مینگل کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرنے کے بعد جیل میں ان پر تشدد کیا جارہا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سردار اختر مینگل سمیت بلوچستان میں سے خفیہ اداروں کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے تمام سیاسی کارکنوں کو رہا کیا جائے۔
یاد رہے کہ پاکستان حکومت اور سنگاپور پورٹ اتھارٹی میں منگل کو معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے جس کے بعد گوادر بندرگار آئندہ چالیس برسوں کے لیے سنگاپور پورٹ اتھارٹی کو ٹھیکے پر مل جائےگی۔