http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 03 February, 2007, 06:33 GMT 11:33 PST

ہارون رشید
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

لکی مروت میں دھماکہ، ایک ہلاک

صوبہ سرحد کے جنوبی شہر لکی مروت میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔

ہلاک ہونے والا شخص مبینہ طور پر بازار میں دھماکہ خیز مواد نصب کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اس دوران دھماکہ ہو گیا۔

یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے چھ بجے پیش آیا اور دھماکے سے بازار میں موجود دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ لکی مروت کا علاقہ پاکستان کے قبائلی علاقوں سے ملحق ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق لاش مسخ ہو جانے کی وجہ سے مبینہ حملہ آور ابھی تک کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

صوبہ سرحد میں حالیہ دنوں میں بم دھماکوں، راکٹ اور خود کش حملوں میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ پہلے پشاور میں ہونے والے خود کش حملے میں اعلٰی پولیس افسران سمیت بارہ افراد مارے گئے اور اس کے دو روز بعد ڈیرہ اسمٰعیل خان میں عاشورہ سے قبل ایک اور خود کش حملے میں تین افراد ہلاک ہوئے۔ اس کے علاوہ بنوں اور ہنگو میں راکٹ حملوں کے واقعات پیش آئے جن میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔