Thursday, 01 February, 2007, 11:20 GMT 16:20 PST
رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام پشاور
پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں مبینہ طور پر ایک شدت پسند تنظیم کے حامی کے گھر بم دھماکے میں ایک خاتون سمیت دو افراد ہلاک اور چار بچے زخمی ہوگئے ہیں۔
خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کے دن بارہ بجے باڑہ سے تقریباً آٹھ کلومیٹر دور قوم سپاہ کے علاقے ڈورا میں مذہبی تنظیم لشکر اسلامی کے ایک حامی دوا خان کے گھر میں پیش آیا جس میں دوا خان کی بیوی سمیت دو افراد ہلاک جبکہ چار بچے زخمی ہوئے ہیں۔
دھماکے کی وجہ فوری طورپر معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
تحصیل باڑہ کے اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ عطاؤالرحمان نے بی بی سی کو بتایا کہ تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ دھماکے کی اصل وجوہات کیا ہیں تاہم ان کے مطابق غالب امکان یہی ہے کہ ہلاک شدہ شخص بم بنارہا تھا اور اس دوران دھماکہ ہوا ہے جس سے وہ خود بھی ہلاک ہوا ہے۔
انہوں نے اس امکان کو بھی مسترد کیا کہ یہ کارروائی لشکر اسلام کی مخالف تنظیم انصار الااسلام کے حامیوں نے کیا ہے۔
تحصیل باڑہ میں ان ہی دو مذہبی تنظیموں کے مابین کافی عرصہ سے اختلافات چلے آرہے ہیں اور ان کے درمیان خونریز جھڑپوں میں اب تک ایک اندازے کے مطابق سو سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔