Saturday, 27 January, 2007, 18:11 GMT 23:11 PST
امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی پاکستان کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے صدر جنرل پرویز مشرف سے ملاقات کی ہے۔
نینسی پلوسی واشنگٹن میں حزب اختلاف کی سب سے اہم رہنما ہیں۔ ان کی جماعت ڈیموکریٹِک پارٹی نے کانگریس میں پاکستان سے متعلق بِل پیش کیا ہے جس کا مقصد طالبان کی حمایت کو کمزور کرنا ہے۔
اسلام آباد میں صدر مشرف سے ہونے والی ان کی گفتگو کی تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں لیکن سمجھا جاتا ہے کہ انہوں نے طالبان اور القاعدہ کے خلاف پاکستانی کردار کے بارے میں بات چیت کی ہے۔
امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹِک پارٹی نے جو بِل پیش کیا ہے اس کے تحت اگر صدر جارج بش یہ تصدیق نہیں کرپاتے کہ پاکستان طالبان کی حمایت نہیں کررہا تو پاکستان کو امریکی امداد کم کی جاسکتی ہے۔
یہ بِل امریکی ایوان نمائندگان سے منظور ہوچکا ہے اور اب سینیٹ میں پیش کیا گیا ہے۔ کانگریس کے دونوں ایوانوں پر ڈیموکریٹِک پارٹی کا کنٹرول ہے۔