http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 26 January, 2007, 11:55 GMT 16:55 PST

اعجاز مہر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

بھارتی یوم جمہوریہ پر احتجاج

اعتدال پسند کشمیری جماعتوں کے اتحاد آل پارٹیز حریت کانفرنس کی جانب سے بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر جمعہ کو اسلام آباد میں واقع بھارتی سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

بھارتی سفارت خانہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام باد کے ہائی سکیورٹی زون میں واقع ہے، جہاں عام طور پر مظاہرے کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔

مظاہرین کی قیادت حریت کانفرنس کے مقامی رہنماؤں یوسف نسیم اور اشرف صراف نے کی۔ مظاہرین نے جہاں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری مذاکراتی عمل کی حمایت کی، وہاں کشمیر کے لیے حق خود ارادیت کا مطالبہ بھی کیا۔

حریت کانفرنس کی مقامی قیادت کا کہنا تھا کہ میر واعظ اور دوسرے رہنماء پاکستانی صدر جنرل پرویز مشرف سے ملاقات کے باعث مظاہرے میں شریک نہیں ہو سکے۔

یوسف نسیم سے جب پوچھا گیا کہ وہ سفارتی علاقے میں احتجاجی مظاہرہ کرنے میں کیسے کامیاب ہوئے کیونکہ یہاں تو کسی کو بھی ایسا کرنے کی اجازت نہیں ہوتی، تو ان کا کہنا تھا کہ وہ ہر سال ایسا کرتے ہیں اور یہ تاثر غلط ہے کہ اس حوالے سے انہیں حکومتی مدد حاصل ہوتی ہے۔

مظاہرے میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ مظاہرین نے اس موقع پر بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی روکنے کا مطالبہ بھی کیا۔